تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ، نوجوان جاں بحق،دو شدید زخمی

 17 سالہ عثمان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا،  13 سالہ ارحم ، 18 سالہ احد شدید زخمی ہوئے
لاہور (کرائم رپورٹر) والٹن سی بی ڈی چوک کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث سنگین ٹریفک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں عمل میں لائیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں 17 سالہ عثمان ولد عمران موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 13 سالہ ارحم ولد ادریس اور 18 سالہ احد ولد احمد شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں اور جاں بحق نوجوان کی لاش کو ابتدائی طبی امداد کے بعد لاہور جنرل ہسپتال منتقل کردیا۔پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔