موٹر سائیکل سوار تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق

 ٹریک عبور کرنے والا موٹر سائیکل سوار زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)ریلوے کراسنگ پر موٹر سائیکل سوار ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ٹرین کے قریب آنے کے باوجود پٹری پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور ٹرین کی جانب سے بار بار انتباہی ہارن بجانے کے باوجود وہ ٹریک سے نہ ہٹ سکا، جس کے نتیجے میں یہ خوفناک تصادم پیش آیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں شدید زخمی ہونے والے موٹر سائیکل سوار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز رفتار ٹرین ریلوے کراسنگ کی جانب بڑھ رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل سوار خطرے کو نظرانداز کرتے ہوئے پٹری عبور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور شہریوں کے ٹریفک قوانین اور حفاظتی اصولوں کو نظرانداز کرنے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ چند لمحوں کی جلدی کے چکر میں اپنی جان جوکھم میں ڈالنا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔