مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا لیگی امیداروں کی کامیابی پرجشن ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا

 ضمنی الیکشن:پنجاب میںن لیگ کو برتری 
 ن لیگ کلین سوئپ کی طرف رواں دواں،ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا، مجموعی طور پر امن و امان کی صورتِ حال پْرامن رہی
لاہور(سپیشل رپورٹر،ما نیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیداروں کی مخالف امیدواروں پر واضح برتری،کلین سوئپ کی طرف رواں دواں ، تحریک انصاف کی چھوڑی ہوئی تمام نشستوں پر غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ن لیگ کے امیدوار آگے ہیں۔ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں ووٹرز نے حقِ رائے دہی استعمال کیا۔بزرگ، خواتین، نوجوان اور معذور افراد بھی ووٹ ڈالنے پہنچے، مجموعی طور پر امن و امان کی صورتِ حال پْرامن رہی، کہیں کوئی بڑا واقعہ یا پولنگ قواعد کی نمایاں خلاف ورزی رپورٹ نہ ہوئی۔غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق لاہور میں میاں اظہر کی وفات سے خالی ہونے والی نشست پر مسلم لیگ ن کے حافظ محمد نعمان کو برتری ، ڈیرہ غازی خان میں زرتاج گل کی نااہلی سے خالی نشست پر مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ سے واضح طور پر آگے ، ساہیوال سے نااہل قرار پانے والے پی ٹی آئی کے رائے حسن نواز مسلم لیگ ن کے محمد طفیل جٹ اپنے مدِمقابل سے بہت آگے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجے کے مطابق این اے 96 سے پی ٹی آئی کی جیتی ہوئی نشست پر وزیر مملکت طلال چوہدری کے بھائی بلال چوہدری کو برتری حاصل ہے، دوسرے نمبر پر جو امیدوار ہیں وہ بھی پچھلی بار ن لیگ کے امیدوار تھے۔فیصل آباد کی دوسری نشست پر راجہ ریاض احمد کے بیٹے ن لیگ کے امیدوار راجہ دانیال احمد کو برتری حاصل ہے، یہ نشست صاحب زادہ حامد رضا کی نااہلی سے خالی ہوئی تھی، مختلف علاقوں میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا جشن جاری ہے ، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا