ضمنی انتخابات، سکیورٹی کے سخت انتظامات، ووٹ کی رازداری کو برقرار

شہری بلا خوف و خطر پولنگ سٹیشنوں پر آئے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، موبائل فون لے جانے کی اجازت نہ تھی،ہیڈکوارٹرز میں کنٹرول روم قائم 
 معذور افراد، حاملہ خواتین، بزرگ افراد اور خواجہ سرائوں کا ووٹ ترجیحی بنیاد پر کاسٹ کروایا جائے گا،، ایس پی یو ودیگر اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی پر تعینات ہیں
جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس فورس تعینات ، مجموعی طور پر 2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس اور 1032 کو حساس قرار دیا گیا تھا
اسلام آباد، لاہور(آ ئی این پی )قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں اتوار کو ضمنی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹرز میں کنٹرول روم قائم کئے گئے ۔الیکشن کمشنر پنجاب کا اس حوالے سے کہناتھا کہ پولنگ سٹیشنوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں ۔ شہری بلا خوف و خطر پولنگ سٹیشنوں پر آئیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، پولنگ سٹیشنوں پر معذور افراد، حاملہ خواتین، بزرگ افراد اور خواجہ سرائوں کا ووٹ ترجیحی بنیاد پر کاسٹ کروایا جائے گا۔صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق پولنگ سٹیشنوں پر موبائل فون لے جانے کی اجازت نہ ہے، شہری ووٹ کی رازداری کو برقرار رکھیں اور بیلٹ پیپر کی تصویر لینے سے اجتناب کریں۔انتخابات کی نگرانی کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان اور الیکشن کمیشن پنجاب میں کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹرز میں قائم کنٹرول روم کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہارون شنواری کررہے ہیں۔ دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہناتھا کہ پنجاب پولیس ووٹرز کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرے گی تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق، دفعہ 144 اور اسلحہ پابندی کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، صوبے بھر کے 939 مردانہ، 889 زنانہ اور 964 جوائنٹ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس فورس تعینات ہے، جبکہ مجموعی طور پر 2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس اور 1032 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں اور پولنگ کے عمل کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ،