لانگ مارچ کیس میں اسد قیصر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 17 جون تک محفوظ

لانگ مارچ کیس میں اسد قیصر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ 17 جون تک محفوظ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف لانگ مارچ احتجاج کیس میں بریت کی درخواست پر سماعت مکمل ہو گئی، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی۔ دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسد قیصر کا ماضی میں کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ہے، نہ ہی وہ احتجاج کے دوران موقع پر موجود تھے اور نہ ہی کوئی برآمدگی عمل میں آئی۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ان شواہد کی عدم موجودگی میں اسد قیصر کو کیس سے بری کیا جائے۔عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بریت کی درخواست پر فیصلہ 17 جون کو سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ اسد قیصر کے خلاف تھانہ کوہسار میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔