اسد قیصر کو آزادی مارچ کیس میں بڑی عدالت سے کلین چٹ

اسد قیصر کو آزادی مارچ کیس میں بڑی عدالت سے کلین چٹ

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو تھانہ آئی-9 کے مقدمے سے بری کر دیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم نے آزادی مارچ سے متعلق دو مقدمات کی سماعت کی۔ اسد قیصر اپنی وکیل عائشہ خالد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے آئی-9 تھانے کے مقدمے میں انہیں بری کر دیا جبکہ تھانہ مارگلہ کے مقدمے پر سماعت 20 ستمبر تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ اسد قیصر کے خلاف دو علیحدہ مقدمات درج تھے جن میں آزادی مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے الزامات شامل تھے۔

ڈسٹرکٹ بار کی ایران سے اظہارِ یکجہتی
دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے امریکا کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 24 جون بروز منگل کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ڈسٹرکٹ بار کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں، ایران بین الاقوامی قانون کے تحت جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ان حملوں سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور اقوام متحدہ کو فوری مداخلت کرنی چاہیے۔اسلام آباد بار نے ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تنازعات کا پرامن حل نکالے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں مزید خونریزی سے بچا جا سکے۔