ورلڈ بینک نے ایک اعلامیے میں پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ معاشی اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ پائیدار ترقی، غربت میں کمی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
یہ بیان عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر برائے آپریشنز کے 2 روزہ دورۂ پاکستان کے اختتام پر جاری کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق ایم ڈی آپریشنز نے اپنے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں وفاقی اور صوبائی سطح پر جامع اصلاحات کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان کی پائیدار ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے میکرو اکنامک استحکام اور اصلاحات کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔"ایم ڈی آپریشنز نے پاکستانی حکام کی طرف سے کیے گئے اب تک کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اصلاحات سے نجی شعبے کی ترقی، سرمایہ کاری اور شرح نمو میں اضافہ ہوگا۔
دورے کے دوران ایم ڈی آپریشنز نے وزرائے خزانہ، اقتصادی امور اور توانائی سے بھی ملاقاتیں کیں جن میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان 10 سالہ شراکتی فریم ورک پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس فریم ورک کے تحت مالی، ڈیجیٹل، توانائی اور نجی شعبوں میں اصلاحات پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔علاوہ ازیں، انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ عالمی بینک کے تعاون سے جاری منصوبوں کا دورہ بھی کیا اور ان کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ عالمی بینک نے اپنے اعلامیے میں اصلاحاتی تسلسل کو پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔