ملکی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، احسن اقبال

ملکی سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک کی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا، تاہم حکومت عوامی ریلیف کو بھی یقینی بنائے گی۔

یہ بات انہوں نے انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر ضمیر کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے معیشت کے استحکام کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن سے بین الاقوامی مالیاتی ادارے بھی مطمئن ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجٹ کی تیاری کے حوالے سے آئی ایم ایف کا کوئی دباؤ نہیں، اور حکومت اپنی پالیسیوں میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح دے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی اور سلامتی کے چیلنجز سے نکالنے کے لیے سیاسی و ادارہ جاتی ہم آہنگی ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے ملک کے آبی وسائل کی ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دیامیر بھاشا ڈیم سمیت تمام آبی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں گے تاکہ بھارت ان مواقع کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ان منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت انجینئرنگ، ٹیکنالوجی اور منصوبہ بندی کے شعبوں میں ملکی استعداد بڑھانے پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ مستقبل میں پاکستان خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہو۔