پاکستان تحریکِ انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیشِ نظر حکومت نے سیکیورٹی اقدامات کے تحت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رینجرز کی تعیناتی 15 اکتوبر 2026 تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتی میں توسیع چیف کمشنر اسلام آباد اور محکمہ داخلہ پنجاب کی درخواست پر کی گئی، جبکہ رینجرز کو چیف کمشنر اور صوبائی حکومت کی جانب سے تفویض کردہ ذمہ داریاں انجام دینے کی ہدایت ہے۔اس سے قبل رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک کی گئی تھی۔ حکومت نے پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر کے احتجاجی مارچ کے پیش نظر پنجاب اور اسلام آباد میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات بھی کیے ہیں۔دوسری جانب حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے پہلے باقاعدہ مذاکرات میں دونوں فریقین نے اپنے مطالبات اور مؤقف پیش کیے، جبکہ مذاکرات کا دوسرا دور بھی مقرر کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی اور کور کمیٹی کے اجلاس میں بیرسٹر گوہر نے حکومت کے ساتھ مذاکرات سے متعلق رہنماؤں کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں بعض ارکان نے مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھانے کی حمایت کی اور رائے دی کہ اگر حکومت کی جانب سے مثبت پیش رفت ہوتی ہے تو لانگ مارچ ختم کرنے کے بجائے اس کی تاریخ آگے بڑھانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکانات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ تاہم حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔