ریپ اور بدفعلی کے عادی مجرمان کی کڑی نگرانی، سی سی ڈی کی جانب سے الیکٹرک بینڈ لگانے کا فیصلہ
کراچی: سی سی ڈی حکام نے اعلان کیا ہے کہ ریپ اور بدفعلی کے کیسز میں ملوث مجرمان کو سخت نگرانی کے لیے الیکٹرک بینڈز سے لیس کیا جائے گا۔ ان بینڈز کو مجرمان کے ٹخنوں پر فکس کیا جائے گا اور یہ بینڈ سی سی ڈی کے کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے تاکہ ہر گھنٹے بعد مجرمان کی لوکیشن کی تازہ معلومات حاصل کی جا سکیں۔ذرائع کے مطابق، 2 یا زائد کیسز میں ملوث افراد کو یہ الیکٹرک بینڈز لگائے جائیں گے، جن کے ذریعے مجرمان کو مخصوص علاقوں تک محدود رکھا جائے گا اور بینڈ خراب کرنے یا اتارنے کی صورت میں فوری الرٹ جاری ہوگا۔
مجرمان کو مخصوص علاقے سے باہر نکلنے کے لیے متعلقہ حکام سے اجازت لینا ہوگی۔ابتدائی طور پر لاہور میں 30 اور صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 100 الیکٹرک بینڈ فراہم کیے جائیں گے، اور اس عمل کا آغاز آئندہ 2 روز میں کیا جائے گا۔ سی سی ڈی حکام نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر ریپ اور بدفعلی کے عادی مجرمان کی مانیٹرنگ کی جائے گی، جبکہ بعد کے مراحل میں دیگر سنگین جرائم کے مجرمان کی بھی نگرانی شامل ہوگی۔