اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ نو مئی کی منصوبہ بندی پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور ان کے رفقاءکی سازش تھی، جنہوں نے ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
وزیر اطلاعات نے دعویٰ کیا کہ نو مئی کو ملک بھر میں مختلف مقامات پر حملوں کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن میں لاہور جناح ہاؤس، پی اے ایف میانوالی، راولپنڈی، اور قلعہ چکدرہ شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نو مئی کے دوران مجرمان کے خلاف فیئر ٹرائل ہوا اور ان مجرمان کو شواہد کی بنیاد پر سزا دی گئی۔ عطاءاللہ تارڑ نے مزید کہا کہ سانحہ نو مئی کے دوران ان مجرمان کو تمام قانونی حقوق دیے گئے، جن میں وکیل کی خدمات اور فیملی تک رسائی شامل ہے۔
وزیر اطلاعات نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ ٹرائل کورٹ میں کیس کا فیصلہ عجلت میں نہیں بلکہ مکمل شواہد اور پراسیکیوشن کی طرف سے وقت لے کر کیا گیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، اور اب کوئی بھی ملکی دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ نو مئی کے حملہ آوروں کا تمام ریکارڈ موجود ہے اور اپیل کا حق بھی فراہم کیا گیا ہے۔