پنجاب میں جرائم کی روک تھام کیلئے عادی مجرمان کو ٹریکنگ ڈیوائسز لگانے کا فیصلہ

پنجاب میں جرائم کی روک تھام کیلئے عادی مجرمان کو ٹریکنگ ڈیوائسز لگانے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم پر قابو پانے کے لیے جدید اور سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

محکمہ داخلہ نے عادی مجرموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کے لیے ٹریکنگ ڈیوائسز استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے، جن سے ان کی نقل و حرکت پر 24 گھنٹے نظر رکھی جا سکے گی۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے 1500 ٹریکنگ بینڈز قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ نئے تشکیل شدہ کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کو 500، سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) کو 900 اور پیرول ڈیپارٹمنٹ کو 100 بینڈز فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس کے دوران ماہرین نے مجرمان پر مسلسل نظر رکھنے کے لیے مائیکرو ٹریکنگ چِپ نصب کرنے کی سفارش بھی کی۔

 محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ ٹریکنگ نظام عالمی معیار کے سرویلنس ماڈلز کے مطابق ہوگا، جس سے جرائم کی روک تھام میں خاطر خواہ مدد ملے گی۔یہ اہم فیصلہ سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمن، ایڈیشنل آئی جی سہیل ظفر چٹھہ، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر اور ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر ذیشان حنیف سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔