کئی دیہات مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے، 100سے زائد سکول بند، کئی علاقوں میں بجلی منقطع
سڈنی(آئی این پی ) آسٹریلیا کی جنوب مشرقی ریاست نیو سائوتھ ویلز میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب سے تین افراد ہلاک اور ہزاروں افراد محصور ہو گئے ۔ مقامی حکام کے مطابق مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ریاست نیو سائوتھ ویلز کے علاقے ہنٹر اور مڈ نارتھ کوسٹ شدید متاثر ہوئے ہیں، جہاں کئی دیہات مکمل طور پر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک 590افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے جن میں کئی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے چھتوں سے نکالا گیا۔حکام کے مطابق 50ہزارسے زائد افراد کو انخلاء کی تیاری کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ 140فلڈ وارننگز جاری ہیں۔ 9,500سے زائد مکانات متاثر ہوئے ہیں، اور 100سے زائد سکول بند ہیں۔ کئی علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہو چکی ہے۔مڈ نارتھ کوسٹ کا علاقہ کندل ٹان مکمل طور پر دنیا سے کٹ چکا ہے۔