راولپنڈی‘اسلام آباد میں تیسرے روز بھی شدید بارش‘ سیلابی صورتحال‘خطرے کے سائرن مدرسے میں پانی داخل‘طلباء پھنس گئے

راولپنڈی  میں  نالہ لئی میں طغیانی‘  سہگل سٹریٹ کا نالہ بپھر گیا،  میٹرو بس کی چھت ٹپکنے لگی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا  کرنا پڑا
 گجرات،   نارووال ،شکرگڑھ اور منڈی بہائو الدین  سمیت دیگر شہروں میںبھی بارش سے نشیبی علاقوں  اور سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا
اسلام آباد،لاہور(آئی این پی ) مون سون  کا چھٹا سپیل، ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل تیسرے روز موسلادھار بارش کاسلسلہ جاری ہے،راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے   بارش سے نالہ لئی میں طغیانی آگئی  ، خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے۔انتظامیہ کے مطابق گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 16 فٹ تک پہنچ گئی  ۔تیز بارش کے باعث نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دئیے گئے۔ راولپنڈی میں شدید بارش کے نتیجے میں نالہ لئی پھر بپھر گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ مقامات پر شہریوں کے لئے انخلا کا الرٹ جاری کیا گیا جبکہ  کینٹ کے علاقے سہگل اسٹریٹ کا نالہ بپھر گیا جہاں مدرسے میں پانی داخل ہونے سے  طالبعلم پھنس گئے۔ موسلادھار بارشوں کے باعث میٹرو بس کی چھت ٹپکنے لگی، مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا  چھتوں سے پانی ٹپک کر کرسیوں پر جمع ہوگیا، جبکہ اسلام آباد میں بارش سے ایف سیون اور ایف ایٹ سیکٹر کی سڑکوں اور کھنہ ایسٹ کے علاقہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں گجرات،   نارووال ،شکرگڑھ اور منڈی بہائو الدین  سمیت دیگر شہروں میںبھی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔