کراچی:12 مئی کیس میں گواہان کی عدم حاضری پر عدالت کا تفتیشی حکام پر اظہار برہمی

کراچی (آئی این پی ) انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ 12 مئی کیس کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کے امریکا روانگی سے متعلق عدالت کو آگاہ کر دیا گیا۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ وسیم اختر عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے ہیں، اس لیے آج کی سماعت میں پیش نہیں ہو سکتے۔عدالت کو مزید بتایا گیا کہ کیس میں نامزد دوسرا ملزم زاکر حسین انتقال کر چکا ہے، جس پر عدالت نے تفتیشی افسر سے زاکر حسین کے انتقال کی رپورٹ طلب کر لی۔سماعت کے دوران عدالت نے گواہوں کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ گذشتہ کئی سماعتوں سے گواہ پیش نہیں کیے جا رہے، جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی سرزنش کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو لازمی پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 24 مئی تک ملتوی کر دی۔