چینی قونصلیٹ حملہ کیس: شواہد و گواہوں کی عدم پیشی پر عدالت برہم، تفتیشی افسر کی سرزنش

انسدادِ دہشت گردی عدالت کا آئندہ سماعت پر کیس پراپرٹی اور گواہوں کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم
کراچی (آئی این پی ) کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں چینی قونصلیٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے مقدمے کی کیس پراپرٹی اور گواہان کو پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ مقدمے کی اہم شواہداور گواہوں کو اب تک پیش کیوں نہیں کیا گیا؟ عدالت نے تفتیشی افسر کو سرزنش کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر کیس پراپرٹی اور گواہوں کو ہر صورت عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 31مئی تک ملتوی کر دی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ 23نومبر 2018کو ہوا تھا، جس میں تین حملہ آوروں سمیت سات افراد مارے گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سول لائن پولیس نے دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام متعلقہ ریکارڈ، شواہد اور گواہان کی پیشی کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔