دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانیوالی ٹیم پررحمانی خیل موڑ پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی میں تین مارے گئے ،6اندھیرے کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے
میانوالی(آئی این پی )میانوالی بڑی تباہی سے بچ گیا، محکمہ انسداد دہشت گردی کی انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی میں 3دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ ضلع میانوالی میں رحمانی خیل موڑ کے قریب سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا،جس میں تین دہشتگردمارے گئے جبکہ 6دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی میں دہشت گرد فرار ہو گئے، رائفلیں، تین دستی بم، گولیاں اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔حکام کے مطابق سی ٹی ڈی کا فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن جاری ہے، رحمانی خیل موڑ کے قریب ناکہ بندی کر لی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد پولیس چوکیوں پر بڑے حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے۔