پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس، علاقائی بحری خطرات پر تشویش کا اظہار، جدید ٹیکنالوجی اور آپریشنل تیاریوں کے فروغ کا فیصلہ
اسلام آباد( آن لائن )نیول ہیڈکوارٹرز پاکستان میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے کی۔ کانفرنس میں تمام پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے دوران نیول چیف نے اس بات پر زور دیا کہ بحری ڈومین میں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے پیش نظر جنگی تیاریوں کا تسلسل برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی حالات میں پاک بحریہ کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانا ناگزیر ہے۔مشرقی وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں نیول چیف نے بحری خطرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سمندری نقل و حرکت کی آزادی اور اہم بحری تجارتی راستوں کو ممکنہ رکاوٹوں کا سامنا ہو سکتا ہے، جس سے علاقائی بحری سلامتی متاثر ہو سکتی ہے۔ایڈمرل نوید اشرف نے زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجیز کا حصول پاک بحریہ کے لیے اسٹریٹجک ضرورت ہے تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ بحری جنگ کے تمام شعبوں میں تیاریوں کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔