وطن کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے: محسن نقوی

23مارچ عزم و وفا کی انمٹ داستان اور ہماری قومی یکجہتی و استقامت کی علامت ہے:وزیرداخلہ
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا  یہ دن عزم و وفا کی انمٹ داستان اور ہماری قومی یکجہتی و استقامت کی علامت ہے۔ انہوں نے بانیانِ پاکستان اور تحریکِ پاکستان کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی۔محسن نقوی نے لاہور کے تاریخی اجتماع کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ وعدہ، جو 7 برس بعد پاکستان کی صورت میں ایفا ہوا، آج بھی ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت اور ایک عظیم نظریے و لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔