حکومت کسی سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک آئے گا اسے گرفتار کریں گے: محسن نقوی(پی ٹی آئی رہنما ئوں نے رضاکارانہ گرفتاریاں دیں: عطا تارڑ کا دعویٰ)

انتہا پسندی قبول نہیں، شرانگیزی پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائیگا، موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے ،وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس
پی ٹی آئی کے بہت سارے لوگ نہیں چاہتے کہ ان کا لیڈر جیل سے باہر آئے، اسی طرح بہت سارے لوگوں نے نچلے لیول پر انتظامیہ سے رابطہ کرکے کہا ہمیں گرفتار کرلیں،وفاقی وزیراطلاعات ونشریات کی اسلام آباد میں گفتگو
 اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، جو بھی ڈی چوک پر آئے گا اسے گرفتار کریں گے، انتہا پسندی قبول نہیں، شرانگیزی پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا،موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، فیض آباد میں بیلاروس کے وفد کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچانا چاہتے ہیں، غیرملکی وفد اسلام آباد پہنچ رہا ہے، غیرملکی مہمانوں کے روٹ پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا ہے۔ شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، فیض آباد آنے والے تمام لوگوں کو گرفتار کر لیا گیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کی ذہنیت دیکھیں، احتجاج کرنا ہے کریں، مگر آپ کو پتا ہے کہ غیرملکی مہمان کس وقت آرہے ہیں اور آپ اسی وقت متعلقہ روٹ پر آکر پتھرا ئوکررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ موبائل سروس چل رہی ہے، صرف موبائل کا انٹرنیٹ بند کیا گیا ہے، سڑکیں اس مرتبہ ویسے بند نہیں کی گئیں جیسے پچھلی مرتبہ کی گئی تھیں۔محسن نقوی نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آمد پر انتشار کسی صورت قبول نہیں، حکومت کسی صورت دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں، انتشارپھیلانیوالوں کوگرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کہ صرف خیبرپختونخوا سے احتجاجی جلوس آرہے ہیں، پنجاب میں کوئی ریلی نہیں ہے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اسلام آباد کے امن وامان کو قائم رکھنا ہے،ساری حکمت عملی ابھی نہیں بتا سکتا،ہر ماہ دھاوا بولنے والوں کی وجہ سے ملک کا نقصان ہوتا ہے۔
دوسراانٹرو سپرلیڈ
 اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں، شہر اقتدا میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بہت سارے لوگ نہیں چاہتے کہ ان کا لیڈر جیل سے باہر آئے، اسی طرح بہت سارے لوگوں نے نچلے لیول پر انتظامیہ سے رابطہ کرکے کہا ہمیں گرفتار کرلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب سے اور یہاں اسلام آباد  سے اطلاعات آئی ہیں کہ کچھ لوگ رضاکارانہ طور پر اپنی گرفتاریاں دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہر کا امن بحال رہے گا اور ہم نے کسی کو شہر کا امن خراب نہیں کرنے دینا، شہر اقتدار کے کافی راستے کھلے ہیں جبکہ کچھ بند ہیں، پی ٹی آئی کا مطالبہ کچھ ہے ہی نہیں، یہ چاہتے ہیں صرف ان سے ڈیل کی جائے اور انہیں این آر او دیا جائے، یہ کام حکومت کا نہیں عدالتوں کا ہے۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، بیلاروس کے صدر آ رہے ہیں اور ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے اور ڈی ریل کرنے کی بالکل اجازت نہیں دے جائے گی، جو یہاں پہنچے گا اسے گرفتار کیا جائے گا، انہیں اپنے صوبے (خیبرپختونخوا) کا خیال نہیں ہے، راستے بند کرنے کی صرف اور صرف ذمہ دار تحریک انصاف ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کا احتجاج کس چیز کے لیے ہے؟ یہاں جو آئے گا اس کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی صورتحال کی نگرانی کررہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے کہ سیکیورٹی کے اچھے انتظامات ہوں۔ عطاتارڑ کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے پہلے ملک میں انتشار پھیلایا اور اب ان کی اپنی جماعت تقسیم کا شکار ہے، آج آنے والے بیلاروس کے وزرا اور وفد کو خوش آمدید کہیں گے اور ان کو بتائیں گے کہ ہم پرامن لوگ ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات نے پاکستان تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پہلے اپنے صوبے کا امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کریں، کرم کے اندر آج بھی مظاہرے ہوئے ہیں وہاں پر صورتحال کو بہتر کریں، یہ ملکی معیشت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔