افواج کسی بھی مہم جوئی کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں: محسن نقوی

خطے میں امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں 
   عمان پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ دینے  کیلئے  تیار ہیں :عمان میں حکام سے ملاقاتیں

 مسقط(آئی این پی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ  پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا پوری قوت سے جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری سمجھنے والے غلط فہمی کا شکار ہیں،انہوں نے   عمان پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش کی ہے ۔وزیر داخلہ نے اپنے دورے  میں  مسقط میں عمان پولیس و کسٹمز ہیڈ کوارٹر کا دورہ  کیا اور پاکستانی کمیونٹی اور سفارتخانے کے عملے سے بھی ملاقاتیں کیں۔  عمان پولیس و کسٹمز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشراقی نے ہیڈ کوارٹر آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا  خیر مقدم کیا۔وزیرداخلہ محسن نقوی کی عمان پولیس و کسٹمز کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن الشراقی سے اہم  ملاقات ہوئی، وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاکستانی شہریوں کے ویزا مسائل کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن کا شکریہ ادا کیا، اور عمان پولیس کو پاکستان میں ٹریننگ کی پیشکش کی۔محسن نقوی نے کہا کہ ہمارے پاس بہترین اکیڈمیز ہیں ہم عمان پولیس، کوسٹ گارڈز اور کسٹمز افسران کو تربیت دینے کے لئے تیار ہیں، انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل حسن بن محسن کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔