کچہ آپریشن: اہلکارو ں کی شہادت میں ملوث 2 ڈاکو ہلاک

 سرچ آپریشن کے بعد کچہ کریمنلز کی کمین گاہیں نذرآتش کر دی گئیں ، فرار ہونے والے ڈاکوئوں کا تعاقب جاری 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس رحیم یار خان نے کچہ کریمنلز کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوران آپریشن02 خطرناک ڈاکو شاہ میر عرف میرا کوش اورڈاکو حکیم کوش ولد اخوانی کوش کو ہلاک کردیا۔ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک دونوں ڈاکو گزشتہ سال کچہ ماچھکہ میں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں مرکزی ملزم تھے۔ ڈی پی او رضوان عمر گوندل کی قیادت پولیس نے کچہ ماچھکہ سندھ کے سرحدی علاقے میں سانحہ کچہ ماچھکہ کے پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کیا۔پولیس آپریشن میں بکتر بند گاڑیوں اورایلیٹ کمانڈوز سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔پولیس نے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر چڑھائی کی تو دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ڈاکو سندھ کی طرف فرارہوگئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس نے سرچ آپریشن کے بعد کچہ کریمنلز کی کمین گاہیں نذرآتش کر دیں اورپولیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ ڈاکوؤں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے مرکزی ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے پر رحیم یارخان پولیس کو شاباش دی۔ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل نے کہا کہ کچہ کے شر پسند اور دہشت گرد کریمنلز کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔