واشنگٹن (آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حکومت کے خلاف امیگریشن کے مقدمات اور دیگر مقدمات دائر کرنے والے وکلا اور قانونی فرموں کے خلاف نئی کارروائی کی دھمکی کے بعد قانونی تنظیموں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل پام بونڈی کو ایک یادداشت میں ٹرمپ نے کہا کہ وکلاء امیگریشن کے نظام میں بڑے پیمانے پر دھوکا دہی اور بے بنیاد دعوئوں کو ہوا دینے میں مدد کر رہے ہیں اور محکمہ انصاف کو ہدایت کی کہ وہ پیشہ ورانہ بدسلوکی پر وکلاء کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔اس حکمنامے میں ان قانونی فرموں کو بھی ہدف بنایا گیا ہے جو ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے ٹرمپ کی جانب سے بے بنیاد جانبدارانہ مقدمات میں انتظامیہ کے خلاف مقدمہ دائر کرتی ہیں۔