لاہور ہائیکورٹ میں سماعت معمول کے مطابق، ماتحت عدالتوں میں جزوی ہڑتال
پنجاب بار کونسل کا مقدمات واپس لینے کا مطالبہ، عدالت عالیہ میں پولیس تعینات رہی
لاہور (زیڈ این این) وکلاء کیخلاف مقدمات کے اندراج پر پنجاب بار کونسل نے صوبہ بھر میں ہڑتال کی کال دی تاہم لاہور ہائیکورٹ میں معمول کے مطابق مقدمات کی سماعت جاری رہی جبکہ ماتحت عدالتوں میں جزوی ہڑتال دیکھنے میں آئی۔پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور دیگر ممبران نے وکلاء کیخلاف درج مقدمات کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات وکلاء برادری کے خلاف انتقامی کارروائی ہیں۔ ہڑتال کی کال پر صوبے کی ضلعی اور تحصیل بار ایسوسی ایشنز میں وکلاء کی ایک بڑی تعداد نے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔ادھر ہڑتال کی کال کے باوجود لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت حسبِ معمول جاری رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے عدالت عالیہ میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی، جس میں چھ ریزرو پولیس دستے شامل تھے۔