اسرائیل نے غزہ میں امدادی اشیا کا داخلہ بند کر دیا،ہماری غزہ پر حکومت کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، حماس
غزہ(آئی این پی )اسرائیلی فوج نے غزہ میں تازہ حملے کرکے حماس کے سیاسی بیورو کے رہنما صلاح البردویل کو اہلیہ سمیت شہید کردیا جبکہ فلسطینی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں کم از کم 130 افراد شہید اور 263 زخمی ہو چکے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ کے مختلف حصوں میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی بیورو کے رہنما صلاح البردویل اہلیہ سمیت شہید ہو گئے۔محکمہ صحت غزہ کے مطابق 5 روز میں جاری اسرائیلی بمباری سے شہدا کی تعداد 634 ہو گئی۔7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں 49 ہزار 747 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی حملوں سے 1 لاکھ 13 ہزار 213 فلسطینی زخمی بھی ہوئے۔اسرائیل نے غزہ میں امدادی اشیا کا داخلہ بند کر دیا ہے۔ادھر حماس نے کہا ہے کہ ہماری غزہ پر حکومت کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، ہماری ترجیح قومی اتفاق رائے ہے اور ہم اس کے نتائج کیلئے پرعزم ہیں۔