لاہور کے علاقے شادباغ میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران دو نوجوان چھریوں کے وار سے زخمی ہو گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوانوں کی شناخت محمد جنید اور امین کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ معمولی مالی لین دین کے جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ جھگڑا دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گیا اور بات ہاتھا پائی سے بڑھ کر چھریوں کے وار تک جا پہنچی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ شادباغ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔