نجومی علی محمد نے شوبز ستاروں کی نجی زندگیوں سے متعلق نئی پیش گوئیاں کر دیں، جن میں شادی، منگنی اور بین الاقوامی پراجیکٹس سے متعلق دعوے شامل ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران ہانیہ عامر، عاصم اظہر، سجل علی، احد رضا میر، سونیا حسین، بلال عباس خان اور صبا قمر سمیت کئی معروف شخصیات کے مستقبل کے بارے میں اپنی رائے دی۔پروگرام کے دوران علی محمد سے مختلف اداکاروں اور گلوکاروں کی شادی یا منگنی کے امکانات کے بارے میں سوالات کیے گئے، جس پر انہوں نے کئی دلچسپ پیش گوئیاں کیں۔ عاصم اظہر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ رواں سال ان کی شادی کا امکان تو کم ہے، تاہم منگنی ہونے کے امکانات موجود ہیں۔ ان کی یہ پیش گوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جون 2025 میں عاصم اظہر کی میرب علی کے ساتھ منگنی ختم ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔ہانیہ عامر کے بارے میں علی محمد نے کہا کہ فی الحال ان کی شادی یا منگنی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا، البتہ ان کے کسی بین الاقوامی منصوبے کا حصہ بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ان کے مطابق ہانیہ عامر کی توجہ اس وقت ذاتی زندگی کے بجائے کیریئر پر مرکوز رہے گی اور ممکن ہے کہ وہ جلد کسی بڑے انٹرنیشنل پراجیکٹ میں دکھائی دیں۔
اسی طرح سجل علی کے بارے میں بھی انہوں نے پیش گوئی کی کہ وہ فی الحال اپنے کام پر توجہ دیں گی اور ان کے لیے کسی بین الاقوامی پروجیکٹ کے امکانات روشن ہیں۔ علی محمد کے مطابق سجل علی کو ممکنہ طور پر کوئی فلمی منصوبہ مل سکتا ہے، جو ان کے کیریئر میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے۔احد رضا میر کے حوالے سے نجومی کا کہنا تھا کہ وہ بھی رواں سال اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات میں الجھے رہیں گے اور ان کی ذاتی زندگی کے حوالے سے کوئی بڑی تبدیلی فی الحال دکھائی نہیں دیتی۔ سونیا حسین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کی منگنی ہونے کے امکانات موجود ہیں، جس پر پروگرام کے ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین نے خاصی دلچسپی کا اظہار کیا۔علی محمد کی ان پیش گوئیوں نے ایک بار پھر شوبز شخصیات کی نجی زندگیوں کے بارے میں چہ مگوئیوں کو ہوا دے دی ہے، خاص طور پر عاصم اظہر اور ہانیہ عامر سے متعلق افواہیں دوبارہ موضوعِ بحث بن گئی ہیں۔ تاہم یہ تمام باتیں نجومی کی ذاتی پیش گوئیوں پر مبنی ہیں اور متعلقہ شخصیات کی جانب سے ان پر کسی قسم کا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔