بھارتی اداکارہ اور مصنفہ سیما کپور نے اپنی مختصر ازدواجی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرحوم اداکار اوم پوری کے مبینہ معاشقے کا علم ہونے کے بعد ان کی زندگی شدید صدمے اور مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سیما کپور نے کہا کہ وہ اس وقت حاملہ تھیں، لیکن اوم پوری اور صحافی و مصنفہ نندیتا پوری کے تعلق کے بارے میں جاننے کے بعد انہیں ایسا ذہنی صدمہ پہنچا کہ ان کا ہونے والا بچہ زندہ نہ بچ سکا۔سیما کپور کے مطابق اس واقعے کے بعد وہ اپنی والدہ کے پاس راجستھان چلی گئی تھیں، جس سے ان کے اور اوم پوری کے درمیان فاصلے مزید بڑھ گئے۔ بعد ازاں اوم پوری نے ان سے علیحدگی اختیار کر لی اور 1993 میں نندیتا پوری سے شادی کر لی۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ کئی برس بعد لندن میں ایک اہم آپریشن سے قبل اوم پوری نے ان سے معافی بھی مانگی تھی، کیونکہ انہیں اپنی زندگی سے متعلق خدشات لاحق تھے۔اس سے قبل سیما کپور کے بھائی اور معروف اداکار انو کپور بھی اس معاملے پر بات کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی بہن کو تکلیف میں نہیں دیکھ سکتے تھے اور اوم پوری کے خلاف قانونی کارروائی کرنا چاہتے تھے، تاہم سیما کپور نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
انو کپور نے یہ بھی کہا کہ اوم پوری ایک بے مثال اداکار تھے، لیکن بطور شوہر انہوں نے ان کی بہن کے ساتھ ناانصافی کی۔واضح رہے کہ اوم پوری نے 1991 میں سیما کپور سے شادی کی تھی، جو ایک سال سے بھی کم عرصے میں ختم ہو گئی۔ بعد ازاں 1993 میں انہوں نے نندیتا پوری سے شادی کی، جن سے ان کا ایک بیٹا ایشان ہے۔ یہ شادی بھی 2013 میں اختتام پذیر ہوئی، جبکہ اوم پوری 2017 میں 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔