بالی ووڈ کے معروف اداکار انو کپور نے آنجہانی اداکار اوم پوری سے متعلق ایک انٹرویو میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انو کپور نے گفتگو کے دوران اوم پوری کو ایک عظیم فنکار قرار دیا، تاہم ان کی ذاتی زندگی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے ان کی بہن سیما کپور کو دھوکا دیا۔یاد رہے کہ سیما کپور کی شادی کچھ عرصے کے لیے اوم پوری سے ہوئی تھی، مگر چند ماہ بعد یہ رشتہ ختم ہو گیا تھا۔ بعد میں زندگی کے آخری برسوں میں دونوں کے درمیان دوبارہ رابطہ بھی ہوا۔انو کپور کا کہنا تھا کہ اوم پوری ایک غیر معمولی اداکار تھے، لیکن نجی زندگی میں انہوں نے ایک عورت کو دھوکا دیا، اور وہ عورت ان کی اپنی بہن تھی۔
انہوں نے اس بات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ان کی بہن نے اوم پوری کا خیال نہ رکھا ہوتا تو وہ شاید پہلے ہی انتقال کر جاتے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ ماضی کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ اوم پوری کے انتقال کے بعد ان کے بیٹے اور سابق اہلیہ نندیتا پوری کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ اوم پوری نے 1993 میں نندیتا پوری سے شادی کی تھی اور 2017 میں ان کا انتقال ہو گیا تھا۔