ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ امن پیشرفت کے دوران پاکستان کے مصالحتی کردار کے باعث معاشی بہتری کے امکانات روشن ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کی پیشرفت سے نہ صرف خطے میں کشیدگی میں کمی آئی ہے بلکہ پاکستان کے عالمی تشخص میں بھی بہتری دیکھی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سفارتی کردار کو عالمی سطح پر مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کو مستقبل میں معاشی فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق پاکستان خطے میں ایک اہم پل کا کردار ادا کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ میں وسیع معاشی اور دفاعی شراکت داریوں کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ اگر ایران پر پابندیوں میں نرمی کی جاتی ہے تو پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ممکن ہے، جس سے دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط ہو سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق خطے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتی تعلقات کی بہتری پاکستان کے لیے سرمایہ کاری اور تجارت کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔