ویب ڈیسک: برطانیہ کی وزیر برائے بے گھر افراد روشن آرا علی نے ذاتی مکان کا کرایہ بڑھانے پر استعفیٰ دے دیا
برطانیہ میں وزیر برائے بے گھر افراد روشن آرا علی نے اپنے ذاتی مکان کا کرایہ 700 پاؤنڈ ماہانہ بڑھانے کے بعد شدید عوامی اور سیاسی تنقید کے سبب اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ معاملہ ایک نجی پراپرٹی کے حوالے سے سامنے آیا، جس نے سیاسی حلقوں میں ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق، روشن آرا علی نے اپنی ذاتی رہائشی جائیداد کا کرایہ بہت زیادہ بڑھایا، جس کے نتیجے میں فلاحی اداروں اور حزب اختلاف کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ایک ایسی وزیر، جس کا کام بے گھر افراد کے مسائل حل کرنا ہے، اس کا اپنا ذاتی مفادات کے لیے کرایہ بڑھانا اخلاقی طور پر مشتبہ ہے۔
بنگلہ دیشی نژاد روشن آرا علی نے اپنے استعفے کو ایک مشکل مگر ضروری فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے ذاتی معاملات حکومت کے اہم اور عوامی کاموں میں رکاوٹ بنیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ قانونی تقاضوں کی مکمل پیروی کی ہے۔اس حوالے سے، وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے روشن آرا علی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بے گھر افراد کے مسائل پر موثر کام کیا ہے، اور یقین ظاہر کیا کہ وہ اپنی جماعت اور حلقے کی خدمت جاری رکھیں گی۔