بل کی منظوری سے وفاقی بجٹ منظور ہونے کی راہ ہموار ہو گئی، کل ضمنی گرانٹس کی منظوری دی جائے گی ‘ وزیر خزانہ کی تحریک پر معمول کا ایجنڈا معطل کر دیا گیا
آپ پارلیمان مضبوط کرکے سب سے طاقتور وزیراعظم بن جائیں، ہم آپ کی مکمل حمایت کریں گے‘آزاد کشمیر میں وفد بھیجیں:محمود اچکزئی کا اظہار خیال
آسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی نے فنانس بل2026-27 کثرت رائے سے منظور کر لیا،اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کر دی گئی۔ قومی اسمبلی کا اجلاس منگل کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا جس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایوان میں موجود تھے۔ اجلاس میں فنانس بل 2026/27 پیش کیا گیا، جس کی منظوری کے ساتھ ہی آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ منظور ہونے کی راہ ہموار ہو گئی، کل ضمنی گرانٹس کی منظوری دی جائے گی جبکہ وزیر خزانہ کی تحریک پر ایوان کا معمول کا ایجنڈا معطل کر دیا گیا۔ فنانس بل پر قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ بھی ایوان میں پیش کی گئی اور اپوزیشن کی جانب سے ترامیم پیش کرنے کا عمل جاری رہا۔ وزیر خزانہ نے رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی ترامیم کی مخالفت کی تاہم اسپیکر نے اپوزیشن کو مختصر بحث کی اجازت دے دی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین نے مختلف ترامیم پیش کیں اور بعض معاشی فیصلوں پر اعتراضات بھی اٹھائے، تاہم بل کی منظوری کا عمل جاری رہا۔ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت کے ڈھائی سال پورے ہونے کو ہیں،اب ہمیں اپنا ٹون بدلنا ہوگا، جس انداز میں آپ نے بحیثیت اسپیکر آپ نے اس ہائو س کو چلایا باوجود اس کے کہ آپ کا تجربہ تھا، آپ نے نہ آئین و قانون کا خیال رکھا اور چابک دستی سے اپنے 14 کولیگز کو اسمبلی سے فارغ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور کوٹ لکھپت کے قیدی سارے ستر سال سے اوپر تھے، کچھ تو خدا کا خوف کریں، آپ نے ریکارڈ قائم کیا، 5 لوگوں کو آپ نے 286 سال قید کی سزا دی ہے، آپ نے ماہ رنگ بلوچ کو بھی عمر بھر کی جیل دے دی، آپ نے آئین روندنے میں غیر جمہوری حکومتوں کا ساتھ دیا۔ آپ کے پاس ٹائم تھوڑا ہے ارد گرد جو ہمارے علاقے میں ہو رہا ہے وہ بہت بڑی بربادی ہے۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ میرے بھائی نے کہا تھا پاکستان ہے تو ہم ہیں، بالکل ٹھیک کہا تھا شہباز بھائی پاکستان کوئی آسمان میں نہیں ہے، پاکستان مطلب بلوچستان سندھ خیبرپختونخوا پنجاب،آپ خیبرپختونخوا کو کیوں پاکستان نہیں سمجھتے، ہم سب نے حلف لیا ہے کہ ہم آئین پاکستان کی حفاظت کریں گے، آپ نے اپنے ووٹ کے ذریعے عدلیہ کے پر کاٹے ہیں۔ آپ پارلیمان کو مضبوط کرکے پاکستان کے سب سے طاقتور وزیراعظم بن جائیں، ہم آپ کی مکمل حمایت اور سپورٹ کریں گے‘آزاد کشمیر میں وفد بھیجیں