گلبرگ‘ سڑکوں پر رنگین ٹف ٹائلز نصب

سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز اور بینچز بھی نصب کر دیے گئے ،موجودہ درختوں کو محفوظ رکھنے کیساتھ مزید شجرکاری کی گئی 
لاہور (کرائم  رپورٹر ) ایل ڈی اے کے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل سے لاہور کی شکل تبدیل ہونے لگی،گلبرگ کی بیشتر سڑکوں پر خوبصورت اور رنگین ٹف ٹائل بچھا دی گئی۔ فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں اور پارکنگ دونوں مقاصد کیلئے منفرد انداز میں ڈیزائن کیا گیا۔سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز، اور بینچز نصب کر دئیے گئے ،موجودہ درختوں کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ مزید شجرکاری کی گئی۔ تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کے وڑن کے تحت لاہور کو لیو ایبل اور سمارٹ سٹی بنانے کا منصوبہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ ایل ڈی اے نے گلبرگ میں متعدد سڑکوں کی اپ گریڈیشن مکمل کر لی ،کچھ کا کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا۔ ظہور الٰہی روڈ، حالی روڈ، سرسید روڈ، بی تھری بلاک، فیشن ایونیو اور ان سے ملحقہ سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔بیشتر سڑکوں پر خوبصورت اور رنگین ٹف ٹائلز بچھا دی گئیں ، تمام یوٹیلٹیز کو انڈر گرائونڈ منتقل کر دیا گیا ۔ سائیکل ٹریک الگ سے تعمیر کیا گیا۔گرین بیلٹ کو پیڈیسٹرین زون کے طور پر ڈویلپ کیا گیا،سٹریٹ لائٹس، سائن بورڈز اور بینچز نصب کر دئیے گئے ہیں۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہمارا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی بہتری نہیں بلکہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بلند کرنا ہے۔ ہر علاقے کو خوبصورت، ماحول دوست اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب گلبرگ کے رہائشیوں اور گزرنے والوں نے اس منصوبے کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا پیدل چلنے والوں کیلئے واک ویز بنانے کا کام پہلے کبھی نہیں دیکھا، شجرکاری کو خاص اہمیت دینا اچھا اقدام ہے۔