لاہور ،1500 گلیوں میں کام بند

 نیسپاک کمیٹی سرٹیفکیٹ لینے کے بعد گلیاں تعمیر کرنے کی اجازت دے تو  ٹف ٹائلز اور پی سی سی کا کام مکمل کرے گی
 لاہور (کرائم رپورٹر)شہر میں لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی پندرہ سو گلیوں کا کام روک دیا گیا، پروگرام کا فیز ون 30جون سے ستمبر تک جانے کا انکشاف ہوا ہے ، واسا نے سیوریج اور ریت کا کام مکمل کر لیا مگر ضلعی انتظامیہ نے واسا کی گلیاں لینے سے انکار کر دیا ،کچی گلیاں لینے سے پہلے افسروں نے تحفظات کا اظہار کر دیا کہ گلیوں کی مکمل پڑتال نیسپاک سے کر ائی جائے ، نیسپاک کمیٹی سرٹیفکیٹ لینے کے بعد گلیاں تعمیر کرنے کی اجازت دے تو میٹروپولیٹن کارپوریشن ٹف ٹائلز اور پی سی سی کا کام مکمل کرے گی۔ تفصیل کے مطابق مون سون کی آمد ہے لیکن ذرائع کے مطابق شہر میں لاہور ڈویلپمنٹ پرو گرام فیز ون کا آدھا حصہ روک دیا گیا۔ 1500گلیوں میں سیوریج و نکاسی آب کی سکیمیں مکمل کر لی گئیں،گلیوں میں سیوریج کے بعد ریت ڈال دی گئی جس پر میٹروپولیٹن کارپوریشن نے گلیوں کی تعمیر و بحالی پرتحفظات کا اظہار کر دیا اور کہا کہ 1500گلیوں کے سیوریج و ریت کے کام کی نگرانی کر ائی جائے ،نیسپاک ایک ایک گلی کی انسپکن کرے اور سرٹیفکیٹ فراہم کئے جائیں ،ہرگلی کا سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد تعمیر کی جائے گی۔انتظامی ذرائع کے مطابق نیسپاک نے ابتدائی مرحلے میں سو گلیوں کی تعمیروبحالی کے سرٹیفکیٹ دے دئیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کا کہنا تھا واسا سیوریج اور واٹر سپلائی کے ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرے، گلیوں کو خوبصورت بنانے کیلئے تھڑے اور شیڈز مسمار کئے جائیں، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹائم لائن اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔