پنجاب : کچا کھوہ میں ذہنی معذور شخص پر تشدد، گلیوں میں گھمایا جاتا رہا

 تماشائی ویڈیو بناتے رہے،  ذہنی معذور اکثر بھٹکتے مختلف گھروں میں داخل ہو جاتا  تھا
مجھے سمجھ نہیں آتی یہ بے شرم لوگ کیسے اتنے ظالم ہو سکتے ہیں؟ حنا پرویز بٹ کا واقعہ پرردعمل
 کچا کھوہ(یواین پی) پنجاب کے علاقے کچا کھوہ کے نواحی گاؤں 135/16-ایل میں انسانیت سوز سلوک کا ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک ذہنی معذور شخص کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق جس شخص کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وہ ذہنی طور پر معذور ہے اور اکثر بھٹکتے ہوئے مختلف گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واقعے کے روز بھی وہ مبینہ طور پر ایک گھر میں داخل ہوا، جس کے بعد بعض افراد نے اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ان بے شرموں کو پکڑ کر نشان عبرت بنانا چاہئے، مجھے سمجھ نہیں آتی یہ بے شرم لوگ کیسے اتنے ظالم ہو سکتے ہیں؟ واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔