نکاس نہ ہونے سے شہری اذیت میں مبتلا ،شکایات کا ازالہ نہ ہوسکا
لاہور (خصوصی رپورٹ) ایک طرف لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام تو دوسری طرف گلیوں کا برا حال ہو گیا،نالوں کی صفائی کرنے کے واسا کے بلند بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں سیوریج کے پانی کے نکاس کا بڑا بحران پیدا ہوگیا۔واسا کے شعبہ او اینڈ ایم کی نااہلی سے گٹر ابلنے لگے۔یونین کونسل 136 گلی نمبر 26 واسا کی ‘‘کارکردگی’’کی منہ بولتی تصویر بن گئی۔شادی پورہ سب ڈویڑن واسا نے نکاسی آب کے سسٹم کو لاوارث چھوڑ دیا۔ ٹوٹ پھوٹ کا شکار گلیوں میں گندے پانی کا بسیرا ہے ، لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیا۔ واسا کی ہیلپ لائن پر کی گئی شکایات بھی علاقہ مکینوں کو ریلیف نہ دے سکیں۔گٹروں سے نکلنے والے گندے پانی کا نکاس نہ ہونے سے علاقہ مکین اذیت میں مبتلا ہیں۔