اسرائیلی فوج کے حملے 51 فلسطینی شہید،104زخمی ‘ بھوک سے بلکتے بچے مٹی کھانے پر مجبور

 اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی کے ہال پر چڑھائی کر کے مسجد کی بے حرمتی کی ‘ الاقصی محافظین کو  ڈیوٹی کے دوران ہی حراست میں لے لیا

مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی )اسرائیل نے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری رکھتے ہوئے مزید 51 نہتے فلسطینیوں کو شہید اور 104 کو زخمی کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے پناہ گزین کیمپوں اور گھروں پر بمباری کی جس سے عام شہری نشانہ بنے اور املاک کا نقصان ہوا جبکہ خوراک اور پانی کی کمی سے غزہ میں ہزاروں بچوں کی زندگی خطرے میں ہے۔غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 969 ہوگئی ہے جبکہ ایک لاکھ اکتیس ہزار دو سو بیالیس فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔عالمی اداروں کے مطابق بھوک سے بلکتے فلسطینی بچے مٹی کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں، ورلڈ سینٹرل کچن نے چھ ہفتوں سے زائد کی معطلی کے بعد آپریشن دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب  اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی کے ہال پر چڑھائی کر کے مسجد کی بے حرمتی کی اور الاقصی محافظین کو  ڈیوٹی کے دوران ہی حراست میں لیا ہے۔