درجنوں بچے بھوک سے مر رہے ہیں، مائیں ان کے بے جان جسموں کو گود میں اٹھاتی ہیں، ان کے بال سہلاتی ہیں، ان سے بات کرتی ہیں
دنیا کا خاموشی کے ساتھ فلسطینیوں کو یوں تڑپتا دیکھنا کسی مہذب انسان کے لئے ناقابل برداشت ہے: مستقل مندوب ریاض منصور کا خطاب
نیویارک(آئی این پی ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونس کے اجلاس میں فلسطینی مندوب اسرائیل کے وحشیانہ حملے ، امداد کی بندش سے ہزاروں بچوں کی شہادت اور ان کی ماں کے غم کا بتا تے بتاتے رو پڑے ۔انہوں نے کہا کہ درجنوں بچے بھوک سے مر رہے ہیں، مائیں ان کے بے جان جسموں کو گود میں اٹھاتی ہیں، ان کے بال سہلاتی ہیں، ان سے بات کرتی ہیں، ان سے معذرت کرتی ہیں ،بھلا کوئی انسان یہ دکھ کیسے برداشت سکتا ہے؟اپنے ذاتی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میرے بھی نواسے، پوتے ہیں، میں جانتا ہوں کہ وہ اپنے خاندانوں کے لیے کیا معنی رکھتے ہیں۔فلسطینی مندوب نے کہا کہ آگ اور بھوک فلسطینی بچوں کو نگل رہی ہے، دنیا کا خاموشی کے ساتھ فلسطینیوں کو یوں تڑپتا دیکھنا یہ کسی مہذب انسان کے لیے ناقابل برداشت ہے