ایران کا بھرپور جواب‘قطر‘بحرین‘کویت‘عراق‘شام میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے

ایران نے آپریشن کو’’بشار ت الفتح‘‘ کا نام دیا‘قطر میں  امریکہ کے سب سے بڑے فضائی اڈے العدید پر 6 میزائل  داغے گئے‘ایران نے اڈے پر حملے سے پہلے قطر کے حکام کو آگاہ کردیا تھا:امریکی اخبار
شام کے مغربی الحسکہ صوبے میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ‘پاسداران انقلاب گارڈ  نے حملوں کی تصدیق کردی‘جواب کا حق رکھتے ہیں:قطری حکام‘ایران کے حملوں کے دوران سائرن بجتے رہے‘فضائی حدود بند کردی گئیں

تہران(مانیٹرنگ  ڈیسک)ایران نے قطر، بحرین، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل حملہ کردیا۔اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے  ایران نے قطر، بحرین، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل حملہ کیا، ایران نے میزائل حملہ کرکے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کا جواب دے دیا ہے۔پاسداران انقلاب گارڈ نے تصدیق کی ہے  قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید پر میزائل حملے کیے گئے ہیں‘ایران نے جوابی حملے میں قطر میں واقع امریکہ کے سب سے بڑے فضائی اڈے العدید پر 6 میزائل داغ دیئے۔عراق میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کو ایران کی براہِ راست جوابی کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔خبر ایجنسی کے مطابق  عراق میں امریکی ایئر بیس عین الاسد کا فضائی دفاعی نظام فعال کردیا گیا،  عراق میں امریکی عین الاسد بیس پر ہائی الرٹ کر دیا گیا،  عین الاسد بیس پر عملے کو بنکرز میں جانے کی ہدایت کر دی گئی۔علاوہ ازیں قطر نے شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے سکولوں میں چھٹی کا بھی اعلان کیا اور شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی تھی۔ایران نے حملوں کو بشارت الفتح کا نام دیا ہے‘ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے  شام کے مغربی الحسکہ صوبے میں امریکی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے، حملے کے فوراً بعد امریکی فوجی اڈے کے مرکزی داخلی راستے کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔ حملے میں ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی اور نہ ہی کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔