ویب ڈیسک: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں جاری حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 26 جون سے اب تک 245 افراد جاں بحق اور 602 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 83 مرد، 44 خواتین اور 118 بچے شامل ہیں، جب کہ زخمیوں میں 232 مرد، 168 خواتین اور 202 بچے شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق ہلاکتوں کی بڑی وجوہات میں مکانوں کا منہدم ہونا، سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور پانی میں ڈوبنے کے واقعات شامل ہیں۔
سب سے زیادہ متاثرہ علاقے:
پنجاب: سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 135 افراد جاں بحق اور 470 زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا: 59 اموات، 73 زخمی۔
سندھ: 24 ہلاکتیں، 40 زخمی۔
بلوچستان: 16 جاں بحق، 4 زخمی۔
گلگت بلتستان: 3 اموات، 4 زخمی۔
آزاد کشمیر: 2 اموات، 8 زخمی۔
اسلام آباد: 6 ہلاکتیں، 3 زخمی۔
تباہ کاری کی تفصیلات:
این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے 854 مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہوئے، جب کہ 208 مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے درجنوں دیہات متاثر، سڑکوں و انفراسٹرکچر کو نقصان، اور عوامی نقل و حرکت میں رکاوٹیں بھی رپورٹ ہو چکی ہیں۔رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ مون سون کا سلسلہ آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، لہٰذا عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومتیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں میں اب بھی امداد کی اشد ضرورت ہے۔