آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) کے مطابق مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، جس کے باعث بیشتر دریاؤں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اس دوران 6 پل اور کئی رابطہ سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ مختلف مقامات پر 30 سے زائد مکانات، دکانیں اور دیگر املاک تباہ ہو چکی ہیں۔ بالائی علاقوں میں بجلی اور فون کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔متاثرہ اضلاع میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں دو دن کی چھٹی کر دی گئی ہے۔ شہریوں کو ندی نالوں سے دور رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور متاثرین کے لیے مختلف اسکولوں میں عارضی کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وادی نیلم میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے تھے، جنہیں فوری اقدامات کے بعد محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مظفرآباد کے پی کے کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے، جبکہ شاہراہ نیلم میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب ٹریفک معطل ہے۔ مظفرآباد جہلم ویلی کاٹ روڈ اور کوہالہ مظفرآباد سیکشن بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہیں۔ایس ڈی ایم اے کے مطابق جہلم ویلی کاٹ روڈ اور سری نگر مظفرآباد سیکشن پر متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے سے راستے متاثر ہوئے، اور لیپہ مظفر آباد شاہراہ بھی مٹی کے تودے گرنے کے باعث بند ہو گئی ہے۔