ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ، 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

ہفتہ وار مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ، 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

وفاقی ادارۂ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.91 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ادارۂ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15.87 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 5.23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اخراجات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر کی قیمت میں 39.92 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جبکہ انڈے 7.31 فیصد، آلو 3.70 فیصد اور ایل پی جی 0.91 فیصد مہنگی ہوئی۔ اس کے علاوہ لہسن، بیف اور دیگر کئی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب بعض اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی۔ رپورٹ کے مطابق چکن 4.66 فیصد اور کیلے 1.72 فیصد سستے ہوئے، جبکہ چینی، چاول اور مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات آنے والے ہفتوں میں دیگر اشیائے خورونوش اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔