’بچے بہت پسند ہیں لیکن ماں نہیں بن سکتی‘، انایا بنگر نے جنس کی تبدیلی کے بعد حقیقت بتا دی

’بچے بہت پسند ہیں لیکن ماں نہیں بن سکتی‘، انایا بنگر نے جنس کی تبدیلی کے بعد حقیقت بتا دی

ممبئی: سابق بھارتی بیٹنگ کوچ سنجے بنگر کی صاحبزادی انایا بنگر نے جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد اپنی نئی زندگی، شادی اور ماں بننے کی خواہش سے متعلق پہلی بار تفصیل سے گفتگو کی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں انایا بنگر نے کہا کہ وہ مستقبل میں شادی کرنا اور بچے پیدا کرنا چاہتی ہیں، کیونکہ انہیں بچوں سے بے حد لگاؤ ہے، تاہم اس وقت ان کی تمام توجہ آپریشن کے بعد صحت کی مکمل بحالی پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا، "فی الحال میری شادی کا کوئی ارادہ نہیں، کیونکہ یہ میری نئی زندگی کا آغاز ہے اور میں پہلے خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر مکمل طور پر سنبھالنا چاہتی ہوں۔"ماں بننے سے متعلق سوال پر انایا نے بتایا کہ جنس کی تبدیلی کے آپریشن کے بعد وہ قدرتی طور پر حاملہ نہیں ہو سکتیں، تاہم سروگیسی کے ذریعے ماں بننا یا کسی بچے کو گود لینا ان کے لیے ممکنہ راستے ہیں۔انایا بنگر نے یہ بھی بتایا کہ ان کے والدین نے انہیں مکمل طور پر اپنی بیٹی کے طور پر قبول کر لیا ہے اور اب گھر میں ان کے لیے مؤنث ضمائر اور الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں، جس سے انہیں جذباتی طور پر بہت حوصلہ ملا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کا جنس کی تبدیلی کا سفر 2023 میں ہارمون تھراپی سے شروع ہوا تھا۔ جسمانی اور نفسیاتی تبدیلیوں کے مختلف مراحل سے گزرنے کے بعد انہوں نے تقریباً چار ماہ قبل تھائی لینڈ میں جنس کی تبدیلی کا آپریشن کروایا۔انایا کا کہنا تھا کہ یہ سفر آسان نہیں تھا، لیکن اب وہ اپنی شناخت کے مطابق زندگی گزارنے پر خوش ہیں اور مستقبل کے بارے میں پرامید ہیں۔