پاکستانی اداکارہ نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی حالیہ جذباتی پوسٹ کے بعد سامنے آنے والی طلاق کی افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے تمام قیاس آرائیوں کی تردید کر دی۔
نمرہ خان، جن کے انسٹاگرام پر 4.7 ملین سے زائد فالوورز ہیں، نے جون 2026ء میں پیرس میں ہونے والی اپنی شادی کا اعلان کیا تھا اور نکاح کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی تھیں۔حال ہی میں اداکارہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ایک جذباتی ریل شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ازدواجی زندگی سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔ویڈیو میں نمرہ خان نے پیغام دیا کہ اگر زندگی مشکل ہو جائے، لوگ سمجھنا چھوڑ دیں یا کوئی ساتھ نہ دے، تو انسان کو کبھی بھی خود کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انسان خود اپنا سہارا بن جاتا ہے تو کوئی اسے شکست نہیں دے سکتا اور ہر شخص کو یہ سمجھنا چاہیے کہ وہ اپنے لیے کافی ہے۔اداکارہ کی پوسٹ پر ایک صارف نے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی شادی کی تصاویر بھی انسٹاگرام سے حذف کر دی ہیں۔
اس پر نمرہ خان نے جواب دیتے ہوئے طلاق کی افواہوں کی تردید کی اور کہا، "سب ٹھیک ہے، تصاویر انسٹاگرام پر موجود ہیں۔ میں نے صرف نظرِ بد سے بچنے کے لیے انہیں نیچے کر دیا ہے، بہرحال دعا کے لیے شکریہ۔"نمرہ خان کی وضاحت کے بعد ان کی طلاق سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی تردید ہو گئی، جبکہ مداحوں نے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔