نابلس: مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے نابلس کے قریب واقع گاؤں برقہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ فلسطینی لڑکا شہید جبکہ دو دیگر نوجوان زخمی ہوگئے۔
فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہید لڑکے کی لاش بھی اپنے قبضے میں لے رکھی ہے۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارتِ صحت نے منگل کو شہید ہونے والے لڑکے کی شناخت معتز ایاد دغلس کے نام سے کی ہے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ایک 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے، جسے پیٹ اور کولہے میں گولیاں لگیں، جبکہ 19 سالہ نوجوان ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔اسرائیلی فوج نے برقہ میں فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فوجیوں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کرنے کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔
فوج کے بیان کے مطابق اہلکاروں نے مبینہ خطرے کو ختم کرنے کے لیے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو گولیاں لگیں۔دوسری جانب فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اسرائیلی فوج نے شہید لڑکے کے والد کو بھی حراست میں لے لیا، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایمبولینسوں کو جائے وقوعہ تک پہنچنے سے روکا گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ فلسطینی ہلالِ احمر کے تین طبی رضاکاروں کو بھی کچھ وقت کے لیے حراست میں رکھا گیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں تشدد کے واقعات میں اضافہ
الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد اور حملوں میں غیر معمولی اضافے کی نشاندہی کی ہے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم ایک ہزار 143 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 250 بچے بھی شامل ہیں۔ اس تعداد میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں ہلاک ہونے والے فلسطینی بھی شامل ہیں۔مسلح تنازعات اور واقعات کی نگرانی کرنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی کے مطابق 2026 آبادکاروں کے تشدد کے حوالے سے گزشتہ ایک دہائی کا سب سے پُرتشدد سال بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق صرف جولائی کے مہینے میں مسلح اسرائیلی آبادکاروں اور اسرائیلی فوج سے متعلق چار واقعات میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔