جوز بٹلر نے ٹی20 کرکٹ میں کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا، تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین رنز اسکورر بن گئے

جوز بٹلر نے ٹی20 کرکٹ میں کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا، تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین رنز اسکورر بن گئے

لندن: انگلینڈ کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز کرس گیل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی20 کرکٹ کی تاریخ میں دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کا اعزاز حاصل کر لیا۔

دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں مانچسٹر سپر جائنٹس اور لندن اسپرٹ کے درمیان لارڈز میں کھیلے گئے میچ میں بٹلر نے اگرچہ صرف 16 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم یہ مختصر اننگز بھی انہیں ایک بڑے سنگِ میل تک پہنچانے کے لیے کافی ثابت ہوئی۔اس اننگز کے بعد جوز بٹلر کے ٹی20 کیریئر میں مجموعی رنز کی تعداد 14 ہزار 572 ہو گئی، جس کے ساتھ انہوں نے 14 ہزار 562 رنز بنانے والے کرس گیل کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گیل اب ٹی20 کرکٹ کے تیسرے کامیاب ترین رنز اسکورر بن گئے ہیں۔ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ اب بھی ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کے پاس ہے، جنہوں نے اپنے کیریئر میں 14 ہزار 803 رنز اسکور کر رکھے ہیں۔

35 سالہ جوز بٹلر اس ریکارڈ سے اب صرف 231 رنز دور ہیں اور اگر وہ اپنی موجودہ فارم برقرار رکھتے ہیں تو رواں سیزن کے دوران ٹی20 کرکٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بننے کا اعزاز بھی اپنے نام کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ جوز بٹلر بین الاقوامی ٹی20 کرکٹ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اور وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔