جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی تاریخ کے کامیاب ترین رنز اسکورر بن گئے

جوز بٹلر ٹی ٹوئنٹی تاریخ کے کامیاب ترین رنز اسکورر بن گئے

انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جوز بٹلر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا، اس طرح انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق آل راؤنڈر کیرون پولارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔

بٹلر نے یہ سنگ میل دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں عبور کیا، جہاں انہوں نے 6 چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم مانچسٹر سپر جائنٹس کو مسلسل تین شکستوں کے بعد اہم کامیابی دلائی۔انہوں نے مارکو جینسن کی گیند پر چھکا لگا کر پولارڈ کے 14 ہزار 803 ٹی ٹوئنٹی رنز کا ریکارڈ توڑا۔جوز بٹلر اب 492 اننگز میں 14 ہزار 833 رنز کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے ہیں، جبکہ کیرون پولارڈ 663 اننگز میں 14 ہزار 803 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے سابق جارح مزاج بلے باز کرس گیل 455 اننگز میں 14 ہزار 562 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ کرس گیل بین الاقوامی اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب کیرون پولارڈ جلد شروع ہونے والی کیریبین پریمیئر لیگ میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کریں گے، جہاں انہیں دوبارہ سرفہرست آنے کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے میچز کے اعداد و شمار بھی ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ کا حصہ شمار کیے جاتے ہیں، اسی لیے بٹلر کا یہ کارنامہ ان کے مجموعی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں شامل کیا گیا ہے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جوز بٹلر نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والا کھلاڑی بننا ان کے لیے اعزاز اور باعثِ فخر ہے۔