انگلینڈ کے سابق کپتان جوز بٹلر نے اپنی کپتانی سے آزادی حاصل کرنے کے بعد اپنی بیٹنگ میں واضح نکھار محسوس کیا ہے۔
وہ آئی پی ایل 2025 میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کر رہے ہیں، جہاں ان کی فارم دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔ بٹلر نے اب تک تین میچز میں سے دو میچز میں ففٹی اسکور کی ہے، اور ان کی بیٹنگ نے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کھیلے گئے میچ میں بٹلر نے صرف 39 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز اسکور کیے، جس سے ٹیم کو فتح حاصل ہوئی۔ میچ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بٹلر نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران وہ کرکٹ سے زیادہ لطف اندوز نہیں ہو رہے تھے، تاہم اب وہ آزادی کے ساتھ اپنی بیٹنگ کا مزہ لے رہے ہیں اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ دونوں ٹی 20 اور ون ڈے ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں کامیاب دفاع نہیں کر سکا تھا اور خود بٹلر کو بھی رنز بنانے میں مشکلات پیش آ رہی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کی وائٹ بال کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اب وہ آئی پی ایل میں اپنے کھیل کا بھرپور لطف لے رہے ہیں۔ان کی بیٹنگ کے نئے انداز سے واضح ہے کہ جب کھلاڑی اپنی ذمہ داریوں سے آزاد ہوتے ہیں، تو وہ زیادہ فریش اور پرفارم کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔