ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ کے دھواں دار اوپنر فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
فن ایلن نے امریکا کی میجر لیگ کرکٹ (MLC) میں کھیلتے ہوئے یہ شاندار کارکردگی دکھائی۔فن ایلن نے سان فرانسسکو یونیکورن کی نمائندگی کرتے ہوئے واشنگٹن فریڈم کے خلاف صرف 51 گیندوں پر 151 رنز کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں انہوں نے 19 فلک شگاف چھکے لگائے، جس سے انہوں نے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کا 18 چھکوں کا ریکارڈ توڑ دیا جو انہوں نے 2017 میں آئی پی ایل کے دوران بنایا تھا۔اس کے ساتھ ساتھ، فن ایلن نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 150 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل کیا، انہوں نے صرف 49 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے۔
اس اننگز کے دوران فن ایلن صرف 34 گیندوں پر سنچری بنانے والے نیوزی لینڈ کے پہلے کھلاڑی بھی بنے۔یہ کارکردگی نہ صرف میجر لیگ کرکٹ کی تاریخ میں یادگار رہے گی بلکہ عالمی سطح پر بھی فن ایلن کے جارحانہ اسٹائل کی ایک زبردست مثال ہے۔ ان کی اننگز نے نہ صرف ریکارڈ بکس میں جگہ بنائی بلکہ مخالف ٹیم کو بھی مکمل طور پر بے بس کر دیا۔