سلمان خان کی طلبہ اور سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل

سلمان خان کی طلبہ اور سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے نیٹ امتحان میں مبینہ پرچہ لیک کے معاملے پر جاری طلبہ احتجاج کے تناظر میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے طلبہ اور سماجی کارکن سونم وانگچک سے احتجاج ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

سلمان خان نے انسٹاگرام پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ طلبہ کی تعلیم اور سلامتی سب سے زیادہ اہم ہے، اس لیے انہیں مزید پریشان ہونے یا اپنے والدین کو فکر میں مبتلا کرنے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت اس معاملے پر مناسب اقدامات کرے گی۔اداکار نے اپنے بیان میں کہا، "وزیرِ اعظم اس معاملے پر اپنا مؤقف دے چکے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میری تمام طلبہ سے درخواست ہے کہ وہ اپنے گھروں کو واپس جائیں اور اپنی تعلیم پر توجہ دیں۔"سلمان خان نے گزشتہ 25 روز سے بھوک ہڑتال پر موجود تعلیمی کارکن سونم وانگچک سے بھی اپیل کرتے ہوئے کہا، "سونم، اب بہت ہو گیا بھائی، براہِ کرم اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں۔ اگر مستقبل میں ضرورت پڑی تو احتجاج کا جذبہ برقرار رکھیے، لیکن اس وقت اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اگر چاہیں تو میں اپنے گھر سے آپ کے لیے کھانا بھی بھجوا دوں گا۔"

یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس معاملے پر سلمان خان کی دوسری عوامی اپیل ہے۔ اس سے قبل بھی انہوں نے نیٹ امتحان کے تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ کے مفادات کے تحفظ اور امتحانی نظام میں شفافیت کی ضرورت پر زور دیا تھا۔واضح رہے کہ نیٹ امتحان میں مبینہ پرچہ لیک کے الزامات کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین امتحانی نظام میں شفافیت، واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔